اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے تعلیمی زون بھٹیاس میں واقع گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ہلارن میں زیر تعلیم طلباء و طالبات نے والدین و مقامی پنچائتی اراکین کے ہمراہ تدریسی عملہ و بنیادی ڈھانچے کی کمی ہے کر احتجاج کیا جس دوران انہوں نے متعلقہ حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی۔ احتجاجی مظاہرین میں شامل طلاب کا کہنا ہے کہ پہلے ہی کوؤڈ 19 کے چلتے دو سال تک تعلیمی نظام متاثر ہوا اور جوں ہی پھر سے تعلیمی نظام کا آغاز کیا گیا تو ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چار سو کے قریب بچوں کے لئے رہنے کے لئے عمارت و پڑھانے کے لئے استاد موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کی تعلیم بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ سرپنچ کنچنہ چنڈیل نے کہا کہ ساڑھے تین سو زائد بچے سکول ہذا میں زیر تعلیم ہیں لیکن تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی دو درجن کے قریب آسامیاں خالی پڑی ہیں اور رہنے کے لئے بھی معقول انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے سی ای او ڈوڈہ پر غیر ذمہ داری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ مظاہرین میں شامل والدین و دیگر پنچائتی اراکین نے کہا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اسکول میں عملہ کی تعیناتی نہیں لائی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔