عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن، جموں کے این ایس ایس یونٹ کی جانب سے کالج احاطے میں این ایس ایس فاؤنڈیشن ڈے نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کالج کے کثیرالمقاصد ہال میں ایک پْروقار پروگرام منعقد ہوا، جس میں این ایس ایس رضاکاروں، اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں رضاکاروں نے اپنے سماجی خدمت کے تجربات شیئر کئے، این ایس ایس کے مقاصد اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی جبکہ رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے جنہوں نے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ آخر میں شکریہ کی تقریب کے ساتھ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا، جس میں مہمانوں، اساتذہ اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا گیا جن کی محنت سے یہ تقریب کامیاب بنی۔ یہ پروگرام پرنسپل ڈاکٹر جیوَتی پاریہار کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر چیف گیسٹ ڈین اسکول آف ٹیچر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد زبیر کلیم اور مہمانِ خصوصی این ایس ایس کوآرڈی نیٹر کلسٹر یونیورسٹی جموں ڈاکٹر امیٹ پال کور تھیں۔ اپنے خطاب میں پرنسپل ڈاکٹر جیوَتی پاریہار نے نوجوانوں میں سماجی خدمت کے جذبے اور معاشرتی ذمہ داریوں کے فروغ میں این ایس ایس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے رضاکاروں کی لگن کو سراہتے ہوئے انہیں معاشرے کی بہتری کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ ڈاکٹر محمد زبیر کلیم نے اپنے کلیدی خطاب میں این ایس ایس کو قوم سازی میں ایک موثر ادارہ قرار دیتے ہوئے طلباء کے اندر خدمت، نظم و ضبط اور قیادت کے اوصاف پروان چڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے رضاکاروں کو سماج کے معمار کی حیثیت سے اپنے کردار پر فخر کرنے کی تلقین کی۔ تقریب کا مقصد طلبہ میں ثقافتی آگہی، ٹیم ورک اور ہمہ جہتی تربیت کو فروغ دینا تھا۔ ہر پیشکش گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کے زیرِ تربیت طلبہ کی محنت، جذبے اور صلاحیتوں کا مظہر تھی، جس نے اس تقریب کو یادگار بنا دیا۔ پروگرام کی کامیاب انجام دہی میں این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر شبھرا جموال اور کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کے اراکین ڈاکٹر راجندر کور، ڈاکٹر امبیکا شرما، پروفیسر کرن تھاپا، پروفیسر دیپالی دیوی، ڈاکٹر انورادھا چوہدری، ڈاکٹر سونم گندوترہ، ڈاکٹر شالنی رانا، ڈاکٹر دیویندر کور، ڈاکٹر شالنی شرما اور پروفیسر بلون سنگھ نے فعال کردار ادا کیا۔