حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے بلاک ننگالی صاحب کی سائیں بابا پنچایت کے ڈینگلہ وارڈ نمبر 5 میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول درہ ڈینگلہ کی نئی عمارت کی تعمیر مسلسل رکاوٹوں کا شکار ہو رہی ہے۔ بعض مقامی افراد کی جانب سے مبینہ طور پر اسکول کی زمین پر قبضے کی کوششوں نے نہ صرف تعمیراتی عمل کو متاثر کر دیا ہے بلکہ علاقے میں والدین اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسکول کی پرانی عمارت خستہ حالی کے باعث ناقابلِ استعمال ہو چکی تھی، جس کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے نئی عمارت کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا تاہم، مقامی لوگوں کے مطابق چند بااثر افراد مبینہ تجاوزات کے ذریعے اسکول کی زمین پر قبضہ جمانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں تعمیراتی ٹیم کو متعدد بار دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہی خدشات کے پیش نظر تعمیراتی کام فی الحال روک دیا گیا ہے، جس سے پورے تعلیمی نظام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ اسکول دور دراز پہاڑی بستی کے سینکڑوں بچوں کا واحد تعلیمی مرکز ہے اور اس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنا بچوں کے مستقبل سے سنگین کھلواڑ کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے منظور شدہ عوامی فلاحی منصوبے کو یوں روکنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔مقامی باشندوں نے ضلعی انتظامیہ پونچھ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ موقع پر پہنچ کر اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، اسکول کی زمین پر ہونے والی مبینہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کریں اور تعمیراتی عمل کو فول پروف تحفظ فراہم کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے ان کی تعلیمی نشوونما بری طرح متاثر ہوگی۔عوام نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کا تحفظ حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، کیونکہ بنیادی تعلیم علاقے کی ترقی کی کنجی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ جلد کارروائی کرکے اسکول کی نئی عمارت کی تعمیر کو دوبارہ بحال کرائے گی تاکہ بچوں کو ایک بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔