عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کے پیش نظر گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 50 اضافی بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے جمعہ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل جی ایم سی راجوری، ڈاکٹر بھاٹیہ اس کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ایک بیان میں کہا:‘ہم دعا گو ہیں کہ ان بیڈز کی ضرورت کبھی نہ پڑے ، لیکن کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی کے لیے مکمل تیاری کی گئی ہے ۔ حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو بروقت طبی سہولیات دستیاب رہیں ۔ ڈاکٹر بھاٹیہ نے بتایا کہ اسپتال میں نہ صرف بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے بلکہ ادویات، خون کی دستیابی، اور آپریشن تھیٹرز کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے ۔ادھر ضلع کٹھوعہ کے سرحدی علاقوں میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے حکومت نے بھرپور تیاری کر لی ہے ۔ 39طبی ایمبولینسز اس وقت سرحدی علاقوں میں تعینات کی جا چکی ہیں جبکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) کٹھوعہ کو دو اضافی کریٹیکل کیئر ایمبولینسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بیان میں کہا:‘انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کوششوں سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کو مکمل متحرک کر دیا گیا ہے ۔ کٹھوعہ میں جی ایم سی اور دیگر اسپتالوں کو تمام ضروری وسائل مہیا کیے جا رہے ہیں۔ ’ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ صحت و سلامتی سے متعلق اقدامات میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی، اور سبھی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ مشترکہ اور مربوط انداز میں کام کرتے ہوئے مقامی لوگوں کو ہر ممکن سہولت دی جائے ۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع کھٹوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ کسی بھی شہری کو کوئی تکلیف نہ پہنچے ۔ان کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو مفت ٹرانسپورٹ سہولیت فراہم کی جا رہی ہے ۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔انہوں نے کہا: ‘ ابھی ابھی ضلع مجسٹریٹ راکیش منہاس سے پچھلے 24 گھنٹوں کا فیڈ بیک موصول ہوا ہے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘ ضلع کھٹوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے ‘۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا: ‘ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ کسی بھی شہری کو کوئی تکلیف نہ پہنچے اور ان لوگوں کو مفت ٹرانسپورٹ سہولیت فراہم کی جا رہی ہے ‘۔انہوں نے اپنے پوسٹ میں مزید کہا: ‘ صورتحال کے پی نظر سب کی طرف سے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ‘۔