سرینگر//گورنر این این ووہرا نے اے ایم میرآئی اے ایس( ریٹائرڈ)، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جموں وکشمیر والینٹری ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے مرتب کی گئی کتاب’’ٹوبیکو کنٹرول لاز اینڈ میجرس‘‘ کی رسم رونمائی انجام دی۔اس موقعہ پر گورنر نے کہا کہ اس تصنیف سے لوگوں کو تمباکو نوشی اور تمباکو اشیاء سے انسانی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات کے بارے میں جانکاری پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے سماج کے مختلف طبقوں اور تنظیموں سے رضا کاروں کو متحرک کرنے کی افادیت کو اجاگر کیا تا کہ سماج میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے حوالے سے بیداری پیدا کی جاسکے۔گورنر نے ایسوسی ایشن اور اس کے ارکان کی بہترین کا م کرنے کے لئے ستائش کی۔اس دوران گورنر این این ووہرا نے راج بھون میں ستیش وِمل کی طرف سے تصنیف کردہ کتاب’’ ژھپہ ستی کتھ باتھ ‘‘کی رسم رونمائی انجام دی۔ستیش وِمل ریڈیو کشمیر سری نگر میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔گورنر نے کشمیری زبان میں یہ بہترین ادبی کارنامہ انجام دینے کے لئے ستیش وِمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب کشمیری میں ادب کو عام کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ریڈیو کشمیر سرینگر کے ڈائریکٹر سید ہمایوں قیصر بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔