سرینگر/ریاستی گورنر کے مشیر خورشید گنائی کے ساتھ ساتھ کئی سیاست دانوں اور ریاستی انتظامیہ کے افسران نے سنیچر کو سرینگر کے نقشبند صاحب میں واقع 1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وہاں فاتحہ پڑھی اور گلباری کی۔
اطلاعات کے مطابق گنائی کے ہمراہ کشمیر کے صوبائی کمشنربصیر احمد خان بھی تھے جنہوں نے آج صبح مزارشہداء پر فاتحہ پڑی۔
جن اور شخصیات نے مزار شہداء پر حاضری دی اُن میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ،کانگریس کے ریاستی صدر جی اے میر،سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سیکریٹری ایم وائی تاریگامی،عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر رشید،غلام حسن میر اورحکیم محمد یاسین شامل تھے۔
جموں کشمیر میں ہر سال13جولائی کو یوم شہداکے طور منایا جاتا ہے۔1931میں آج ہی کے دن ڈوگرہ مہاراجہ کی فورسز نے سرینگر سینٹرل جیل کے باہر شخصی راج کیخلاف مظاہرے کرنے والوں پر گولیاں چلاکرمتعدد افراد کو موت کے گھاٹ اُتارا تھا۔
آج کے دن ہر سال سرکاری تعطیل ہوتی ہے اور مزار شہدا ،واقع نقشبند صاحب سرینگر پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔