سرینگر//گورنر این این ووہرا نے کشمیر یونیورسٹی کے انسٹی چیوٹ آف سٹیڈیز کا دورہ کیا اور فیکلٹی کے ممبران اور پوسٹ گریجویٹ سکالروں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ گورنر جو یونیورسٹی کے چانسلر اور آئی کے ایس کی گورننگ باڈی کے چیئرمین بھی ہیں نے تحقیقی سکالروں اور فیکلٹی سے بات چیت کرتے ہوئے ادارے کو ایک فعال تحقیقی مرکز بنانے کی ہدایت دی جس میں سماجیات ، تمدنی ، تاریخی ودیگر مضامین پر تحقیقی کام انجام دیا جاسکے ۔ انہوں نے آئی کے ایس سکالروں پر زور دیا کہ وہ نشاندہی کئے گئے معاملات پر تحقیقی کام جو ادارے کے چارٹر میں شامل ہیں پر شدو مد سے کام شروع کریں۔ گورنر نے محسوس کیا کہ ادارے کے بنیادی ڈھانچے اور تحقیقی سہولیات کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوںنے تجویز پیش کی کہ اس ادارے کو قومی و بین الاقوامی سطح کے اداروں کے ساتھ جوڑ کر جنوبی ایشیا خطے میں مایۂ ناز تحقیق کرنے والوں کے تجربے سے مستفید ہونے کے اقدامات کریں۔گورنر نے سکالروں اور فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ تحقیق کے نتائج کو بھرپور تشہیر کرائیں۔ اُنہوں نے وائس چانسلر کو مشورہ دیا جو آئی کے ایس کے سربراہ بھی ہیں ، کہ ماسٹرس پروگرام کے پہلے تین بیچوں کے کامیاب اُمید واروں کے طریقہ کار کی نگرانی کرتے ہوئے ادارے میں پڑھانے کے مثبت اثرات پر نظر رکھیں ۔ وائس چانسلر جامعہ کشمیر خورشید اقبال اندرابی اور ڈائریکٹر آئی کے ایس نے تعامل سیشن میں حصہ لیا۔ بعد میں گورنر نے نئے ایڈمنسٹریٹیو بلاک اور لیبارٹری بلاک کاسنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ہیلتھ کلب کا معائینہ بھی کیا۔ اُنہوںنے زکورہ کیمپس کے شیخ العالم بوائز ہوسٹل کے دو بلاکوں کا افتتاح کیا۔ گورنر نے نئے ہوسٹل بلاکوں کا دورہ کر کے ہوسٹل میں طلبہ کو فراہم کی جاری سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔