جموں//ریاستی گورنر این این ووہرا نے کہا ہے کہ ریاست گزشتہ کئی دہائیوں سے شورش سے دوچار ہے اور فوجیوں سے کہا کہ وہ چوکنا رہیں۔راجیہ سینک بورڈ کی تقریب پر فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنرکہا ’’جموں وکشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے شورش سے دوچار ہے ۔سرحد پار فائرنگ ،جھڑپوں اور فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں،لہٰذا ہمیں چوکنا رہنا ہوگا‘‘۔فوجی جوانوں کے دن پر وردی پوش اہلکاروںکو یاد کرنے پر زور دیتے ہوئے انہو ں نے کہا’’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم وردی پوش اہلکاروںکی عزت کریں اور ہمارے شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم جموں وکشمیر میں 20سے21سال کی عمر کے جوانوں اور23سے24سال کی عمر کے آفیسران کو کھو رہے ہیں۔ہر دوسر ے دن ہمیں لاشوں کو کاندھا دینا پڑتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ قوم کو فوجیوں کو یادرکھ کر ان سبھی جوانوں کا شکریہ ادا کرکے انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہئے جنہوں نے ملک کے دفاع میں اپنی جانیں گنوائیںاور اسی وجہ سے 7دسمبر کو آرمی فورسز دن منایا جاتا ہے۔ووہرا نے کہا کہ حکومت کو فوجی جوانوں کی اُن بیوائوں کو مالی امداد فراہم کرنے پر غور کرنا چاہئے جو بیوہ پنشن کی مستحق نہیںہیں۔ان کا کہناتھا’’ہم یہ معاملہ حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ جموں وکشمیر میں اس ضمن میں کوئی قدم اٹھایاجاسکے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ماتاویشنو دیوی شرائن بورڈ بھی ایسی بیوائوں کے لئے کچھ اقدامات کرے گا اور وہ اس ضمن میں تبادلہ خیال کریں گے۔