سرینگر//گورنر این این ووہرا کی صدار ت میں ریاستی انتظامی کونسل کی پہلی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہوئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا ۔ میٹنگ میں گورنر کے صلاحکار بی بی ویاس اور وجے کمار کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں مندرجہ ذیل فیصلہ جات لئے گئے ۔ایک اہم فیصلے میں کونسل نے بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے نوجوانوں کیلئے جموں اور کشمیر خطوں میں دو سرحدی بٹالینوں کے قیام کو منظوری دی ۔ ان بٹالینوں میں بین الاقوامی سرحد سے متصل دس کلو میٹر تک کی دوری پر رہنے والے نوجوانوں میں سے 1402 کانسٹیبلوں کی اسامیاں پُر کی جائیں گی جبکہ باقی ماندہ 600 اسامیاں ریاست بھر سے پُر کی جائیں گی ۔ کونسل نے محکمہ داخلہ کو اگلے چھ ماہ کے اندر شفاف طریقے سے ان بٹالینوں کیلئے تعیناتی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی جن کیلئے 162 کروڑ روپے کی رقم بنیادی ڈھانچے کے قیام کیلئے دستیاب کرائی جائے گی جبکہ 36 کروڑ روپے سالانہ تنخواہوں پر خرچ کی جائے گی ۔ کونسل نے بین الاقوامی سرحد کے متصل 415 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے 12165 انفرادی اور 1347 کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کے عمل کا جائیزہ لیتے ہوئے ان کے بہتر رکھ رکھاؤ اور ان کی تکمیل پر ضلع انتظامیہ کو سونپنے کی ہدایت دی ۔ صوبائی سطح کی ایک کمیٹی ان بنکروں کی تعمیر کی پیش رفت کی تفصیل ماہانہ بنیادوں پر پیش کرتی رہے گی ۔ کونسل نے دوسری عالمی جنگ لڑنے والے فوجیوں اور اُن کی بیواؤں کی مالی ریلیف کو ماہانہ 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 4 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ لیا ۔ کونسل نے حضرت بل سرینگر ، پی ایچ سی دومانہ اور پی ایچ سی کپواڑہ کے نئے منظور شدہ صحت مراکز میں مختلف زمروں کے تحت 32 اضافی اسامیوں کے قیام کو منظوری دی ۔جن کی بدولت صحت خدمات میں مزید بہتری آئے گی ۔ کونسل نے ریاست میں ترقیاتی کاموں کو مزید فروغ دینے کیلئے مختلف علاقوں میں فارسٹ کلیرنس کو منظوری دی ۔ ان منصوبوں کو ایف اے سی کی میٹنگوں کے دوران پیش کیا گیا تھا ۔ کونسل نے ایمز وجے پور ، رنگ روڈ سرینگر ، پی ایم جی ایس وائی کے 14 پروجیکٹوں اور جی آر ای ایف اور فوج کے دو پروجیکٹوں کو بھی منظوری دی ۔ایف اے سی نے 105 ویں میٹنگ میں پٹھوار سے تھاتھی جموں ، چھالوگ سے دھمن ، پرانا تلیل سے ڈھنگی تھل ، سفید آب ، دھائینو سے پپریا ، ملا سے جوگون رنگ روڈ سرینگر اور کٹڑہ دھرما سیکشن پر سڑکوں کی تعمیر کیلئے جنگلاتی اراضی کے ڈائیورزن کو منظوری دی تھی ۔ کونسل نے جوٹھل سے منو، منکل سے مدھوا لنگیٹ تک سڑکوں کی تعمیر کیلئے جنگلاتی اراضی کے ڈائیورزن سمیت دیگر کئی پروجیکٹوں کیلئے اراضی کی ڈائیورزن کو منظوری دی تھی ۔ اس کے علاوہ گرڈ سٹیشن کٹڑہ سے گران ریاسی تک 132 کے وی ٹرانسمیشن لائین پروجیکٹ کو بھی منظوری دی گئی ۔ علاوہ ازیں کونسل نے جنگلات و ماحولیات محکمے کو کیمپا کے تحت کاموں کی جامع طبعی اور مالی آدٹ کرنے کی ہدایت دی ۔