سرینگر//گورنر این این ووہرا نے راج بھون میں امر ناتھ جی یاترا سے متعلق حفاظتی انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ یاترا 29 جون سے شروع ہونے والی ہے ۔ گورنر نے یاترا کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو حالات پر متواتر نگاہ رکھنے اور آپس میں قریبی تال میل قایم رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ڈی جی پی اور صوبائی انتظامیہ سے کہا کہ مقررہ قواعد و ضوابط کی من و عن عمل آوری یقینی بنا کر صرف انہی یاتریوں کو یاترا پر جانے کی اجازت دیں جن کے پاس اصل یاترا اجازت نامے ہوں اور انہیں یاترا پرمٹ میں درج تاریخ پراور راستے سے ہی یاترا جاری رکھنے کیلئے کہیں جس کیلئے انہوں نے پہلے ہی اپنی رجسٹریشن کرائی ہو ۔ یاترا سے وابستہ مختلف سروس پرووائیڈرز بالخصوص مرکبان ، مزدور ، پالکی والے ، ٹینٹ اور دوکاندار وغیرہ کی یاترا کو کامیاب بنانے میںاہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے گورنر نے صوبائی انتظامیہ کشمیر اور آئی جی پی کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ ان سروس پرووائیڈرز کو یاترا علاقے میں باحفاظت اپنا کام کرنے کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔ گورنر نے کہا کہ شرائین بورڈ نے پہلے ہی ان سروس پرووائیڈرز کو ایک لاکھ روپے کے زندگی بیمہ دائرے میں لایا ہے جبکہ اُن کے ٹٹوؤں کو یاترا علاقے میں کسی بھی حادثے میں موت کیلئے فی کس 30 ہزار روپے کے بیمہ دائرے میں لایا گیا ہے ۔ گورنر نے چیف سیکرٹری کو ڈیساسٹر منیجمنٹ ایجنسیوں کو متحرک کر کے انہیں یاترا کیلئے تمام تر ڈیساسٹر منیجمنٹ انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے چیف سیکرٹری ، جی او سی ہیڈ کوارٹر 15 کارپس اور تمام حفاظتی ایجنسیوں کو اپنے آفاتِ سماوی سے نمٹنے کے ذرایع کو یاترا کے مقام پر جمع کر نے کیلئے کہا ۔ گورنر کو بتایا گیا کہ پہلگام اور سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹیز نے سالڈ بیسڈ کو جمع کر کے ٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہیں ۔