سرینگر/گورنر ستیہ پال ملک نے جمعرات کو ٹی آر سی جنکشن کے قریب تعمیر کئے گئے گریڈ سیپریٹر کا افتتاح کیا۔
اس موقعہ پر گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی، کے۔ کے شرما، کے سکندن، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، پولیس سربراہ دلباغ سنگھ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی روہت کنسل، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، سی ای او اِی آر اے راگھو لنگر، سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جُنید عظیم متو اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔
اس گریڈ سیپریٹر کو ٹی آر سی جنکشن کے نزدیک ٹریفک نظام میں بہتری لانے کے لئے تعمیر کیا گیا ہے۔
گریڈ سیپریٹر کے دو حصے ہیں جن میں ایک حصہ سونہ وار سے ریذیڈنسی روڈ تک405 میٹر اور دوسرا حصہ جموں وکشمیر بنک کارپوریٹ آفس تک225 میٹر پر مشتمل ہے۔ یہ حصہ گریڈ سیپریٹر کو مولانا آزاد روڈ کے ساتھ جوڑتا ہے۔
عمل آوری ایجنسیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس گریڈ سیپریٹر سے شہر کے لوگوں کو کافی حد تک سہولت میسر رہے گی۔