جموں//گورنر این این ووہر ا نے ریاست کی وزیر اعلیٰ اورا نڈین ریڈ کراس سوسائٹی جے اینڈ کے چپٹر کی وائس پریذیڈنٹ محبوبہ مفتی کو دو ایمبولنس گاڑیاں پیش کیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ شری امرناتھ جی شرائین بورڈ نے ریڈ کراس سوسائٹی کو پہلے ہی دو ایمبولنس گاڑیاں پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا۔گورنر جو کہ ریڈکراس سوسائٹی ریاستی چپٹر کے صدر بھی ہیں ،نے لوگوں کو ہنگامی حالات میں طبی مدد اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ریڈ کراس سوسائٹی کی ستائش کی۔گورنر نے ریڈ کراس سوسائٹی جے اینڈ کے کے جنرل سیکرٹری ایم ایس راتھر کو سرینگر اور جموں کے شہروں میں میڈیکل کالجوں اور سرکاری ہسپتالوں کے قریبی اشتراک سے ان ایمبولنس گاڑیوں کا موثر اور بامعنی استعمال یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریڈکراس سوسائٹی کو اپنا دست تعاون دینے پر شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔