سرینگر//گورنر این این ووہرا نے ہری نواس سرینگر میں قائم سٹیٹ فلڈکنٹرول روم کا دورہ کر کے وہاں صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کے ساتھ میٹنگ کے دوران امکانی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ریلیف مراکز کی تیاریوں کے ہر ایک پہلو کو زیر بحث لایا گیا ۔ یہ مراکز شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں جہاں ضرورت پڑنے پر متاثرہ آبادی کو منتقل کیا جائے گا۔گورنر متعلقہ حکام کے ساتھ برابر رابطے میں ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ صورت حال میں بہتری آنے تک صورت حال سے متعلق رِپورٹ دن میں تین مرتبہ انہیں بھیجے جانے چاہئیں۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ کے علاوہ پولیس،سی آر پی ایف ،صحت ، آئی ایم ڈی ،سیاحت ، خوراک و امور صارفین ، لاوڈا ، ایس ایم سی ، جے کے ایس آر ٹی سی ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول ، بجلی ، صحت عامہ ، آر اینڈ بی ، اطلاعات ، ایسٹیٹس اور ایف سی آئی محکموں کے افسروں نے بھی شرکت کی۔