سر ی نگر/گورنر ستیہ پال ملک نے سوموار کو یہاں محکمہ جنگلات کی جانب سے زبرون پہاڑیوں کے دامن میں منعقدہ ایک شاندار تقریب کے دوران '' گرین جے اینڈ کے مہم ''کا آغاز کیا۔
اس موقعہ پر گورنر کے مشیر کے وجے کمار ، کے کے شرما، کے سکندن ، مرکزی وزارت جنگلات کے ڈائریکٹر جنرل سدھانتا داس ،چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، گورنر کے فائنانشل کمشنر اُمنگ نرولہ ،پرنسپل چیف کنزرویٹر سریش چُگ، چیف کنزرویٹر فاروق احمد گیلانی، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے۔
گورنر نے ریاست میں شجر کاری کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اس موقعہ پر ایک پودا لگایا۔ اُنہوں نے کہاکہ اس مہم کو ماحولیات کے تحفظ کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے اور ریاست میں جون 2020ء تک 50 لاکھ پودے لگانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔
گورنر نے کہا کہ محکمہ جنگلات اور منسلک اداروں کی جانب سے شروع کی گئی شجرکاری مہم کو پنچایتوں ، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقین کی معاونت حاصل رہے گی اور پودوں کو سڑکوں کے کناروں ، ریلوے لائینوں ، دریائوں اور نہروں کے کناروں اور غیر قانونی قبضے سے چھڑائی گئی اراضی پر لگایا جائے گا۔
گورنر نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں مختلف قسم کے 9لاکھ پودے مون سون سیزن کے دوران جموں خطے میں لگائے جائیں گے جس کے بعد کشمیر خطے میں نومبر ۔ دسمبر اور مارچ ۔ اپریل کے دوران مزید پودے لگائے جائیں گے ۔ اس طرح جون 2020ء تک 50لاکھ پودے لگانے کا نشانہ حاصل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ تکنیکی معاونت سے فارم فارسٹری اور ایگرو فارسٹری کو مزید تقویت دی جائے گی۔
جنگلات کے چیف کنزرویٹر فاروق احمد گیلانی نے تقریب پر مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ پرنسپل چیف کنزرویٹر سریش چُگ نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔