سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سرینگر میں ریاستی گورنر، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، این سی ،پی ڈی پی اور کانگریس کے وفود اور سیکورٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ منگل کی صبح مرکزی وزیرداخلہ ایک روزہ دورے پرسرینگرپہنچے توانہوں نے یہاں مجموعی سیکورٹی وسیاسی صورتحال کاجائزہ ینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ،جس میں فوج ،نیم فوجی دستوں ،فورسز،ریاستی پولیس ،خفیہ ایجنسیوں اورسیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے ۔راجناتھ سنگھ نے اسکے بعدریاستی گورنرستیہ پال ملک کیساتھ بھی میٹنگ کی ،جس دوران ریاست کی تازہ سیاسی اورسیکورٹی صورتحال کیساتھ ساتھ حال ہی کرائے گئے بلدیاتی انتخابات کوبھی زیرغورلایاگیاجبکہ میٹنگ میں اگلے ماہ سے ہونے والے پنچایتی انتخابات کیلئے کئے جارہے انتظامات کابھی جائزہ لیاگیا۔گورنر نے ریاست کی سیکورٹی صورتحال اور مختلف ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری سمیت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے وزیر داخلہ کو یقین دلایاکہ ریاستی انتظامیہ ترقیاتی سکیموں، بہبودی پروگراموں کی عمل آوری، رشوت خوری کے خاتمے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔راج ناتھ سنگھ نے ریاست میں شہری بلدیاتی انتخابات کے احسن اور پُر امن انعقاد کے لئے گورنر کو مبارک باد دیتے ہوئے پنچائتی انتخابات کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی دی۔