سرینگر//ریاست میں گورنر راج کے نفاذ کے تناظر میں پیدہ شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے،جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو مدعو کیا گیا۔ ریاست میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پہلی مرتبہ ریاستی گورنر این این ووہرا نے تمام سیاسی جماعتوں کو کل جماعتی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے مدعو کیا ہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدہ شدہ تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق علاقائی سیاسی جماعتوں کے علاوہ قومی جماعتوں کے ریاستی صدور کو بھی میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ میٹنگ جمعہ سہ پہر طلب کی گئی ہے،اس سے یہ اشارہ دیا گیاہے کہ وہ سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں تاکہ ریاست میں امن وقانون کی صورتحال کو بہتر کیا جاسکے اور سرکار گرنے کے بعد درپیش معاملات پر ان سے تعاون طلب کیا جاسکے ۔اس دوران ریاستی گورنر کی جانب سے اجلاس طلب کئے جانے پر کسی بھی سیاسی جماعت نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے اور نہ ہی پی ڈی پی ، این سی ، کانگریس ،بی جے پی یا دیگر جماعتوں کی طرف سے اس اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی وضاحت یا بیان جاری کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ریاست میں پی ڈی پی بھاجپا سرکار گرنے کے ایک روز بعد ہی گورنر راج نافذ ہو گیا ہے۔ ا س دوران ریاستی گورنر نے باضابط طور پر انتظامی امور سے متعلق کمان سنبھال لی ہے جس کے بعد گزشتہ دو روز کے اندر کافی سارے اقدامات ،ہدایت نامے اور حکم نامے جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ریاستی انتظامی کونسل کی تشکیل
نیوز ڈیسک
سرینگر // گورنر راج کے نفاذ کے بعد ریاستی انتظامیہ کو چلانے کیلئے’ ریاستی انتظامی کونسل‘ کی تشکیل کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ ایڈمنسٹریٹیو کونسل کے چیئر مین ریاستی گورنر ہونگے جبکہ اسکے گورنر کے مشیر اسکے ممبر ہونگے۔انتظامی کونسل میں جموں و کشمیر سرکار کے قواعد کار میں آنے والے معاملات اور ایسے معاملات جو گورنر اس میں زیر بحث لانے کی ہدایت دیں،کو نمٹانے کا اختیار ہوگا۔چیف سیکریٹری کونسل کے سیکریٹری کے بطور فرائض انجام دیں گے۔ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں کو وقتاً فوقتاً کونسل کی میٹنگوں میں بلایا جاسکتا ہے۔