چنڈی گڑھ// مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ تقریبا ًتین ماہ سے ہنگامہ خیزجموں و کشمیر میں گورنر راج کے نفاذ کے امکان سے انکار کرتے ہوئے وادی کشمیر میں جلد بحالی امن کی امید ظاہر کی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے یہاں شروع علاقائی مدیران کے دو روزہ کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد ایک سوال کے جواب میں جموں وکشمیر میں گورنر راج کے نفاذ کے امکان سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر یا صدر راج خاص حالات میں ہی لگایا جاتا ہے اور اس ریاست میں حالات ابھی اتنے زیادہ خراب نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخلوط حکومت حالات کو ٹھیک کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے امن کی بحالی میں جموں و کشمیر کے عوام سے تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ حالات ٹھیک کرنے کی سمت میں کافی لوگوں کا تعاون ملا بھی ہے ، جس کی بدولت پہلے کی توقع صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں، کشمیر اور لداخ تینوں علاقوں میں امن اور خوشحالی چاہتی ہے ۔ ریاست میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی ۔جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے بالاکوٹ سیکٹر میں کنٹرول لائن پر پاکستان کے اسنائپر حملے میں ایک ہندوستانی جوان کے ہلاک ہونے کے واقعہ کی جوابی کارروائی سے منسلک سوال پر مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس طرح کی کارروائی بتاکر نہیں کی جاتی۔