جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے کشتواڑ ضلع ہسپتال میں پیش آئے واقعے کی مذمت کی۔ گورنر نے قیمتی جانوں کے زیاں پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مارے گئے افراد کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی ۔ گورنر نے سول اور پولیس انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اہم تنصیبات، اداروں اور عوامی نوعیت کے مقامات کی سلامتی اور تحفظ سے متعلق امور کا جائیزہ لیں اور ریاست میں امن اور استحکام کے دشمن عناصر کے ناپاک عزایم کو ہر صورت میں ناکام بنائیں ۔ گورنر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن اور آپسی رواداری و بھائی چارے کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کو اپنا بھر پور تعاون دیں ۔ ادھر عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور شاہ فیصل نے ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے امن وامان بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا 'کشتواڑ میں چندرا کانت اور ان کے ذاتی محافظ کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ مقامی لوگ انتظامیہ کو اپنا تعاون دیں گے اور امن کو بنائے رکھیں گے'۔محبوبہ مفتی نے ٹویٹ میں کہا 'میں اس حملے کی مذمت کرتی ہوں، یہ فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کا منصوبہ نظر آتا ہے، میں ریاستی گورنر سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ اس کی تحقیقات کرائیں اور کشتواڑ میں امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھنے کی اپیل جاری کریں'۔ پیپلز موومنٹ چیئرمین ڈاکٹر شاہ فیصل نے ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا 'کشتواڑ کے بہیمانہ حملے پر عدالتی تحقیقات ہونی چاہئے۔ اس حساس ضلع میں پارلیمانی انتخابات سے قبل مذہبی ہم آہنگی کے ماحول کو تتر بتر کرنے کی کوششوں کو شکست دی جانی چاہئے۔