جموں//زرعی یونیورسٹی کے وایس چانسلر ڈاکٹر ہردیپ کمار نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں یونیورسٹی کی کارکردگی سے جڑے معاملات کے بارے میں جانکاری دی ۔ وائس چانسلر نے گورنر کو سانبہ ضلع کے کرشی وگیان کیندر کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی ۔ گورنر نے بین الاقوامی سطح پر ایوارڈ حاصل کرنے اور یونیورسٹی کی کارکردگی کیلئے وائس چانسلر کو مبارکباد دی۔ ادھرتین ممبران پر مشتمل اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کر کے وزیر اعظم کے نام لکھی گئی ایک یاداشت اُنہیں پیش کی۔وفد کی سربراہی مہاسبھا کے ریاستی کنوینرچیتن شرما کر رہے تھے۔وفد نے غیر ملکی باشندوں ( روہنگیا اور بنگلہ دیشی) کو ریاست میں بسانے اور ریاستی وسائل پر اس کے منفی اثرات،اُن کو ملک بد ر کرنے اور اس ہجرت میں معاونت کرنے والوں کی نشاندہی کرنے کے لئے عدالت عظمیٰ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک کمیشن کا قیام ، چوتھے توی برج کے نزدیک غیر قانونی کالونیوں کا قیام اور ملک دشمن عناصر کی جانب سے ان کے غیر قانونی استعمال ،معاونت کرنے اور سنگ بازوں کے خیر خواہوںکے خلاف موزون کارروائی کرنے ،قومی شاہراہ شراب خانوں کو بند کرنے ،جموں کو شراب سے پاک شہر بنانے ،ریاست کی سرکاری زبان میں ہندی زبان اور دیو ناگری رسم الخط متعارف کرنے ،ڈوگری ، گوجری اور لداخی بولیوں کو تسلیم کر کے اُن کے لئے بجٹ مختص رکھنے اور سرکاری و جنگلاتی اراضی سے ناجائز تجاوزات کو ہٹانے جیسے معاملات گورنر کی نوٹس میں لائے۔