سرینگر// گورنر این این ووہرا جو کہ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے چندن واڑی کنٹرول گیٹ اور ننون یاترا کیمپ کا دورہ کر کے یاترا انتظامات کا جائیزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ بورڈ کے ایڈیشنل سی ای او بھی تھے۔ گورنر نے چندن واڑی میں سہولیات کا جائیزہ لیتے ہوئے کیمپ ڈائریکٹر اور ضلع انتظامیہ کے افسران کو یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے لنگروں میں لنگر والوں سے بات کرنے والوں کے علاوہ کھانے پینے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ننون میں گورنر نے محکمہ صحت، آیوروید اور سی آر پی ایف کی طرف سے قائم کئے گئے طبی یونٹوں کے علاوہ لنگروں میں کھانے پینے کے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا۔ بعد میں گورنر نے کیمپ ڈائریکٹر اور یاترا سے جڑے دیگر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کر کے مختلف انتظامات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے تمام کیمپوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے احکامات دیئے۔ انہیں بتایا گیا کہ ورکروں کی معقول تعداد صفائی ستھرائی کے کام پر مامور کی گئی ہے۔ میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی اننت ناگ، ایس ایس پی یاترااور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔