سرینگر//گورنر این این ووہرا نے سوچھتاہی سیوا مہم کے تحت جھیل ڈل سے گھاس پھوس نکالنے اور اس کی صفائی کی مہم کوجھیل ڈل کے اوبرائے گھاٹ سے ہری جھنڈی دکھائی ۔ مہم لاوڈا اور سرینگر میونسپل کارپوریشن نے مشترکہ طور شروع کی ہے۔ کمشنر مکانات شہری ترقی ہردیش کمار ، وائس چیئرمین لاوڈا اے ایچ شاہ ، ڈپٹی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ ، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر شفقت خان اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ کامگاروں اور رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ لاثانی قدرتی خوبصورتی سے مالا مال جھیل ڈل کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جانا چاہئے اور کسی بھی صورت اس مسحور کن آب گاہ کو آلودہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ گذشتہ دو برسوں کے دوران جھیل سے گھاس پھوس نکالنے کے کام میں آئی کمی کے باعث جھیل کی سطح پر کنول اور دیگر اقسام کی آبی گھاس نے جھیل کی سطح پر پھیل گئی ہے اور اب دیکھنے والا صرف جھیل کی نصب آبی سطح ہی دیکھ سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جھیل سے گھاس نکالنے کا کام چوبیس گھنٹے جاری رکھنا چاہئے ۔ گورنر نے کہا کہ صفا ف ستھرا سرینگر سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن سکتا ہے ۔ انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ ایک صاف ستھرا جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے سوچھتا ہی سیوا ابھیان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس سے قبل وائس چیئرمین لاوڈا نے پرزنٹیشن پیش کرتے ہوئے جھیل ڈل میں گندھے پانی کے بہائو کے منفی اثرات کا سدباب کرنے کے لئے لئے گئے حالیہ فیصلوں پر جاری کارروائی کے بارے میں تفصیل پیش کی۔