سرینگر/جموں کشمیر میں صدر راج کے نفاذ کی مرکزی سرکار کی سفارش کے بیچ نیشنل کانفرنس کے صدر اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبد اللہ نے بدھ کو زور دار الفاظ میں ریاست میں گورنر اور صدر راج کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے جلد از جلد نئے انتخابات کا مطالبہ کیا۔
اپنی گپکار رہائش گاہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے فاروق عبد اللہ نے کہا کہ جموں کشمیر میں انتخابات کا انعقاد ضروری ہے تاکہ لوگ اپنے نمائندوں کا انتخاب عمل میں لاسکیں۔
طے شدہ لوک سبھا انتخابات کے دوران گرانڈ الائنس پر بات کرتے ہوئے فاروق عبد اللہ نے کہا کہ مذکورہ الائنس کام کررہا ہے اور اس میں ریاستوں کا رول اہمیت کا حامل ہوگا۔
انہوں نے کہا''یہ الائنس ریاستوں میں ہوگا جس کے نتائج پارلیمنٹ پر ظاہر ہونگے۔کہیں یہ الائنس کافی مضبوط ہوگی اور کہیں ملی جلی، لیکن ریاستوں کا رول کافی اہم ہوگا۔''
نیشنل کانفرنس میں پی ڈی پی لیڈران کی شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے فاروق نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی میں شمولیت حاصل کرسکتا ہے اور اس کیلئے پارٹی کے اندر ایک کمیٹی ہے جو ان باتوں کا خیال رکھتی ہے۔