جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کے گورسای علاقے میں بدھوار کی صبح ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جب شبیر حسین شاہ ولد فقیر حسین شاہ کے مکان کو اچانک آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا جبکہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔شبیر حسین شاہ کے مکان کو علی الصبح آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں شروع کیں، مگر تمام کوششوں کے باوجود مکان جل کر راکھ ہو گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق شبیر حسین شاہ ایک غریب شخص ہے اور اس حادثے میں اس کا سب کچھ برباد ہو گیا ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ متاثرہ شخص کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنا مکان تعمیر کر سکے اور اپنی زندگی کی بحالی کا آغاز کر سکے۔اس موقع پر گاؤں کے باشندوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسے اپیل کی کہ گورسای اور دیگر دور دراز علاقوں میں فائر سروسز کا ایک مستقل اسٹیشن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں مینڈھر سے فائر برگیڈ کی گاڑی دور دراز علاقوں تک پہنچنے میں ناکام رہتی ہے، جس کی وجہ سے ایسے حادثات میں نقصان مزید بڑھ جاتا ہے۔علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ فائر سروسز کی فوری دستیابی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے نہایت ضروری ہے۔ متاثرین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد ان کے مسائل کا حل نکالا جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔