عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے گوردھن بالا علاقے کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے اور مقامی آبادی کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا مشاہدہ کیا جا سکے۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے ایکلاویہ ماڈل ریزیڈنشل اسکول کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا۔ طلباء سے ملاقات کے دوران ان کی تعلیمی پیش رفت دریافت کی اور انہیں اپنے اہداف پر مرکوز رہنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر تدریسی عملے کی دستیابی، ہاسٹل کی سہولیات، ہم نصابی سرگرمیوں اور دیگر لازمی خدمات کا بھی جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے پنچایت گھر گوردھن بالا کا دورہ کیا اور اس کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ پنچایت گھر کو عوامی فلاح و بہبود اور دیہی حکمرانی کے مؤثر مرکز کے طور پر استعمال میں لایا جائے، اور نچلی سطح پر شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنایا جائے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے آیوشمان آروگیہ مندر کا بھی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ادویات کی دستیابی، باقاعدہ او پی ڈیز اور مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔دورے کے دوران ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔یہ دورہ ضلع انتظامیہ کے ان عزم کا مظہر ہے جو دور دراز علاقوں میں تعلیمی ڈھانچے، دیہی حکمرانی اور صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔