جموں/پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری شاہنواز چوہدری نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے آرڈرنمبر333 میں ترمیم کرکے گوجری اورپہاڑی زبانوں کوفوری طورپر دسویں جماعت تک سکولی نصاب میں شامل کرنے کاپرزورمطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایک سرکیولرگورنمنٹ آرڈر نمبر 333 Edu of 2017 ،مورخہ 19 جون 2017کوجاری کرکے چار علاقائی زبانوں بشمول کشمیری ، ڈوگری اورپنجابی کوتعلیمی نصاب میں شامل کیالیکن گوجری اورپہاڑی جونہ صرف ریاست جموں وکشمیرکے کونے کونے میں لگ بھگ 40 فیصدسے زائد لوگوں کی زبان ہے کونظرانداز کرکے ان زبانوں کے ساتھ ناانصافی کی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے گوجراورپہاڑی عوام میں شدیدناراضگی پائی جارہی ہے اورگذشتہ ایک ہفتے سے خطہ جموں بالمعمو اورخطہ پیرپنچال میں بالخصوص مظاہرے ہورہے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت نے ابھی تک گوجری اورپہاڑی کونصاب میں شامل نہیں کیاجوکہ باعث افسوس بات ہے۔شاہنوازچوہدری نے کہاکہ جہاں گوجری کوہندوستان کی دیگرریاستوں مثلاً ہماچل پردیش ، گجرات ، راجستھان اوراتراکھنڈوغیرہ میں بھی سمجھااوربولاجاتاہے وہیں پاکستان کے زیرانتظام کشمیرنیز خیرپختون خواہ اورافغانستان کی کثیرآبادی بھی گوجری نہ صرف سمجھتی ہے بلکہ روزمر ہ زندگی میں قبائلی گوجری زبان کااستعمال کرتی ہے وہیں پہاڑی زبان پوری ریاست میں بولی جاتی ہے اس کے علاوہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کثیرتعدادمیں لوگ پہاڑی زبان بولتے اورسمجھتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگرحکومت مذکورہ حکمنامے میں ترمیم کرکے گوجری اورپہاڑی کوشامل نہیں کرے گی تو گوجروپہاڑی آبادی ریاست بھرمیں ہمہ گہر احتجاجی مہم شروع کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں مختلف مذاہب ،طبقوں،قبیلوں اور مختلف زبانوں اوربولیوں کوبولنے والے لوگ رہتے ہیں۔متنوع مذاہب وزبانوں کوبولنے والی آبادی کی توقعات اوران کے جذبات کااحترام کرنااوران کومناسب نمائندگی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن حکومت عوام کی توقعات پرپورااترنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ شاہنوازچوہدری نے ریاستی حکومت بالخصوص ریاستی وزیراعلیٰ سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ آرڈرنمبر 333Edu آف 2017 میں ترمیم کرکے فوری طورپرگوجری اورپہاڑی زبانوں کودسویں جماعت تک کے تعلیمی نصاب میں شامل کریں اورانتباہ دیاہے کہ اگرایسانہ کیاگیا توگوجراورپہاڑی نوجوان متحدہوکرحکومت کیخلاف احتجاج کی راہ اختیارکرے گی جس کی ذمہ داری محکمہ تعلیم وریاستی حکومت پرعائد ہوگی۔ اس دوران پریس کانفرنس میں سینئرکانگریس لیڈرایڈوکیٹ مسعودچوہدری ،اعجازچوہدری ودیگران بھی موجودتھے۔