عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورصارفین ستیش شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر بھر میں گوجر و بکروال ہاسٹلوں کے لئے رواں مالی برس کے دوران ڈائیٹ( ڈِی آئی اِی ٹی) ہیڈ کے تحت 1833.40 لاکھ روپے کے فنڈزجاری کئے گئے ہیں۔وزیر موصوف ایوان میں رُکن اسمبلی اِفتخار احمد کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ مالی برس 2024-25 ء میں گوجر و بکروال ہاسٹلوں کے لئے 1833.40 لاکھ روپے فنڈزجاری کئے گئے جن میں 1801.90 لاکھ روپے میجر ہیڈ اور 31.50 لاکھ روپے سب ہیڈ کے تحت جاری کئے گئے۔ یہ فنڈز 28گوجر و بکروال ہاسٹلوں کے حق میں جاری کئے گئے ہیں جن میں 3,000طلبأکے داخلے کی گنجائش ہے۔وزیر قبائلی اَمور نے پہاڑی ہوسٹلوںکے بارے میں کہا کہ 2024-25ء کے مالی برس کے دوران ڈائیٹ ( ڈِی آئی اِی ٹی ) ہیڈ کے تحت 294لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ یہ فنڈز 9بوائز اورگرلز پہاڑی ہوسٹلوں کے لئے مختص کیا گیا ہے جن میں 700طلبأ کی گنجائش ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی بورڈ نے اشیائے ضروریہ اور روزمرہ اِستعمال کی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر خوراک اورڈائٹ چارجز میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 2024-25ء کے دوران راجوری حلقہ میں درج فہرست قبائل کی فلاح و بہبود کے لئے آرٹیکل 275 (1) کے تحت 541.18 لاکھ روپے جاری کئے گئے تھے جس میں سے اب تک 328.63 لاکھ روپے مختلف پروجیکٹوں پر خرچ کئے گئے ہیں جن میں گردھن بالا میں ایکلاویہ ماڈل ریذیڈنشل سکول کی تعمیر ، سڑکوں ، راستوں اور ہارویسٹنگ ٹینک کی تعمیر شامل ہے۔وزیر نے مزید بتایا کہ راجوری حلقے میں یو ٹی کیپکس کے تحت 270.75 لاکھ روپے مالیت کے 76 جاری پروجیکٹوں کو قبائلی منصوبہ کے تحت عملایا جارہا ہے ۔