جموں //گوجری فلاحی سنگت نے قبائلی طبقہ کی زبان گوجری کے ساتھ ناانصافی پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے ذرائع ابلاغ میں گوجری زبان کے پروگراموں اور خبروں کی نشریات کے وقت میں اضافہ کرنے کامطالبہ کیاہے۔یہاں سدھرامیں گوجری فلاحی سنگت کی ہفتہ وارمیٹنگ میں مقررین نے ریڈیوکشمیرجموں سے صبح کے وقت گوجری خبروں کے نیوزبلیٹن شروع کرنے میں ہورہی تاخیرپرتشویش کا اظہارکیا۔ اس دوران میٹنگ میں تنظیم کے عہدیداران انورحسین ،چوہدری حسین محمد ،غلام حسین ضیا ، شفیق احمد، خلیل احمد، محمدامین ودیگران نے خیالات کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ گوجرفلاحی سنگت کاایک وفد آل انڈیاریڈیو کے ڈائریکٹر جنرل فیاض شہریار سے 19مئی کو ملاقی ہواتھا جس میں اس مانگ کوزوروشورکے ساتھ اُجاگرکرکے اے آئی آرنیوزحکام کی توجہ اس اہم مسئلہ کی طرف مبذو ل کی تھی جس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل آل انڈیاریڈیو نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ریڈیو کشمیرجموں سے گوجری خبروں کے نیوزبلیٹن کوشروع کرنے پرغورکیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آل انڈیاریڈیو کے ڈائریکٹرجنرل کوتنظیمی عہدیداروں کی طرف سے پیش کئے گئے میمورنڈم میں بتایاگیاتھاکہ ریاست جموں وکشمیرمیں تیسری بڑی آبادی گوجربکروال طبقہ پرمشتمل ہے اورپوری ریاست میں گوجری زبان کوبولنے اورسمجھنے والی آبادی ذرائع ابلاغ بالخصوص ریڈیوکشمیرجموں اوردوردرشن میں مناسب نمائندگی نہ ملنے کے سبب حالات حاضرہ سے بے خبررہتے ہیں۔اس لیے صبح کے وقت ریڈیوکشمیرجموں سے گوجری نیوزبلیٹن شروع کرناوقت کی مانگ ہے۔ میٹنگ کے دوران مقررین نے مزیدکہاکہ ریڈیوکشمیرجموں سے گوجری زبان کاایک ہی خبروں کاشمارہ ہرشام 5 بجے نشرہوتاہے اوراس کے بعددوسرے دِن شام کوگوجری خبریں نشرہوتی ہیں جس کی وجہ سے پہاڑی اوردوردرازعلاقہ جات میں بسنے والے گوجری زبان بولنے اورسمجھنے والے گوجربکروالوں کو24 گھنٹوں کے بعدخبریں سننے کوملتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگرکوئی واقعہ شام 6 بجے رونماہوجاتاہے تواس کی اطلاع ڈھوکوں،بہکوں اوردوردرازپہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو24 گھنٹے کے بعدملتی ہے جوکہ طبقہ کے لوگوں کیساتھ ناانصافی ہے۔مقررین نے مطالبہ کیاکہ ریڈیوکشمیرجموں سے صبح کے وقت گوجری خبروں کانیوزبلیٹن شروع کرنے میں تاخیرنہ کی جائے جوکہ طبقہ کے مفادات وامنگوں کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کے پاس دنیاسے باخبررہنے کاذریعہ ریڈیوہی ہے جولگ بھگ طبقہ کی پوری آبادی سنتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریڈیوکشمیرجموں سے ہرشام نشرہونے والاگوجری بلیٹن نہ صرف ریاست بلکہ پاکستان ودیگرحصوں میں بھی سنائی دیتاہے اورکافی مقبولیت رکھتاہے۔انہوں نے کہاکہ سرحدکے آراورپارلوگوں کوحقائق سے باخبررکھنے کیلئے گوجری خبروں کے شمارے کوصبح کے وقت نشرکیاجاناناگزیراوروقت کاتقاضاہے۔تنظیم کے عہدیداران نے امیدظاہرکی کہ آل انڈیاریڈیوکے اعلیٰ حکام گوجری نیوزبلیٹن شروع کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔