جموں//جموں میں روایتی تالابوں کی عظمت ِ رفتہ بحال کرنے کے حکومت کے منصوبے کے باوجود گوجرمحلہ پلوڑہ وارڈ نمبر 60 کا تالاب کوڑاکرکٹ اورگندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہوتا چلا جارہاہے۔اس بات کاانکشاف کرانتی دل کے ریاستی صدر پریتم شرما نے یہاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قریباً بیس سال قبل لوگ ان ہی تالابوں اوردیگرضروریات کے لئے ان ہی تالابوں سے پانی حاصل کرتے لیکن نہایت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ اب یہ تالاب کوڑاکرکٹ اور کچرے کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگئے ہیں اورکئی تالابوں پرناجائز تجاوزات کھڑی کردی گئی ہیں۔قابل ذکربات ہے کہ کچھ عرصہ قبل جموں میونسپل کارپوریشن نے ان تالابوں کوجاذب نظر بنانے اورناجائز تجاوزات کوہٹانے کااعلان کیاتھا مگر یہ اعلان صرف اعلان تک ہی محدود رہاہے ۔عملی طورپر کچھ بھی نہیں کیاگیا۔ گوجرمحلہ پلوڑہ میں واقع ایک تالاب کوقصابوں نے گندگی کے ڈھیرمیں تبدیل کردیاہے اوریہ تالاب جموں میونسپل کارپوریشن کی تالابوں کوجاذب نظر بنانے کی فہرست میں ہے ۔انہوں نے ریاستی سرکار سے کہاکہ وہ اس سمت میں جلداورموثر قدم اٹھائے تاکہ ان تالابوں جوکہ ہماری تہذیب کاورثہ ہیں کوجلدازجلدبحال کیاجاسکے۔