سرینگر//وادی کشمیرمیںسول سیکرٹریٹ کے دفاترکھلتے ہی گوجربکروال مشاورتی بورڈنے کام کاج سنبھال کر صوبہ کشمیرکے مختلف اضلاع میں قائم گوجربکروال ہوسٹلوں کی صورتحال بہتربنانے کیلئے کوششیں تیزکردی ہیں۔اس سلسلے میں سول سیکریٹریٹ سرینگرمیں گوجربکروال مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین چوہدری ظفرعلی کھٹانہ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں ہوسٹلوں کے وارڈنوں نے ہوسٹلوں کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ اس دوران گوجربکروال مشاورتی بور ڈکے وائس چیئرمین ظفرعلی کھٹانہ اور بورڈکے سیکریٹری چوہدری مختاراحمدنے وارڈنوں کوہوسٹلوں میں تعلیمی معیاربلندکرنے کی سخت ہدایات دیں۔ ظفرعلی کھٹانہ نے کہاکہ مجموعی طورپرہوسٹلوں میں بورڈکلاسزکے نتائج اطمینان بخش رہے ہیں لیکن بعض ہوسٹلوں کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جووارڈن اچھے نتائج نہیں لائے گااس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ظفرعلی کھٹانہ نے کہاکہ گوجربکروال مشاورتی بورڈ ہوسٹلوں کی خستہ حالی کودورکرنے کیلئے انفراسٹریکچرکی ترقی کیلئے اقدامات اٹھارہاہے۔انہوں نے کہاکہ اگرکسی ہوسٹل میں کوئی کمی ہے تواس کوبھی جلد پوراکرنے کیلئے حتی المقدورکوششیں کی جائیں گی۔بورڈکے سیکریٹری چوہدری مختاراحمد نے وارڈنوں سے کہاکہ ہوسٹلوں میں طلباء کوبہترین تعلیمی ورہائشی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ ہوسٹلوں میں بچوں کوتعلیم وتربیت دینے کامقصد حاصل ہوسکے ۔انہوں نے کہاکہ ہوسٹلوں میں طلباء کی تربیت ایسی ہونی چاہیئے کہ ان کے پراڈکٹ سماج کے مختلف شعبہ ٔ ہائے زندگی میں اپناکرداراداکرنے کے اہل بن سکیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ گوجربکروال طلباء قوم کامستقبل ہیںلہذا طلباء کے سالانہ نتائج بہتربنانے پرتوجہ مرکوزکی جائے ۔