جموں//صا ف ستھرامومنٹ نے حکومت سے گوجربکروال طبقہ کوبلاوجہ تنگ کرنے کی واردات کوروکنے کیلئے اقدامات اٹھانے کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق گذشتہ روز صاف ستھرامومنٹ کے صدر شوکت چوہدری نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ریاست میں گوجربکروال تیسرابڑاطبقہ ہے جس کی روزی روٹی کادارومدار مال مویشی اوردودھ کے کاروبارپرہے لیکن صوبہ جموں کے کچھ اضلاع میں گوجربکروال طبقہ کے لوگوں کوبعض شرارت پسندعناصرپریشان کرتے ہیں جوکہ فرقہ پرستی کوہوادینے اورخرمن امن میں آگ لگانے کے مترادف ہے۔شوکت چوہدری نے کہاکہ ضلع سانبہ میں رہنے والے گوجر بکروال طبقہ کے لوگ جموں شہرکی 30سے 35فیصد دودھ کی ضرورت کوپوراکرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ گذشتہ کئی دہائیوں نیزصدیوں سے کسمپرسی اورجفاکشی کی زندگی بسرکررہاہے لیکن سابق حکومتوں سے لیکرموجودہ حکومت تک سرکار اس طبقہ کی بہبودکیلئے عملی اقدامات کے بجائے زبانی جمع خرچی کرتی آرہی ہے جس کی وجہ سے تاحال اس طبقہ کی حالت زار میں کوئی سدھارنہیں آیاہے اوراس صورتحال کیلئے سابقہ وموجودہ حکومتیں ذمہ دارہیں۔ انہوں نے کہاکہ صاف ستھرامومنٹ شرپسندعناصرکے منصوبے کوناکام کرے گی اوراس قوم کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑچھاڑیازیادتی کوقطعی برداشت نہیں کرے گی ۔انہوں نے انتباہ دیاکہ اگرگوجربکروال طبقہ کے لوگوں کاقافیہ حیات تنگ کیاگیاتو اس کے سنگین نتائج برآمدہوں گے۔