ادھمپور //خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت فراموش کئے گئے طبقوں بشمول گجر بکروال طبقے تک پہنچ کر ان کے مسائل حل کرنے کی وعدہ بند ہے۔آج یہاں منعقدہ گجر بکروال کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سماج کے تمام طبقوں کی یکساں ترقی پر حکومت کی توجہ مرکوز ہے۔انہوںنے کہا کہ اقتصادی طور کمزور طبقوںکو مین سٹریم میں لانا سرکار کی ترجیح ہے۔انہوںنے کہا کہ گجر طبقہ ریاست جموں وکشمیر کا ایک اہم حصہ ہے اور اُن کی ترقی کے بغیر ریاست کی مجموعی ترقی ناممکن ہے۔وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کر نے اور انکے طرز حیات میں بدلائو لانے کے لئے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کر ے گی۔ذوالفقار علی نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس گجر اور بکروال طبقے کو درپیش مشکلات سامنے رکھنے اور ان کا ازالہ کرنے کا موقعہ فراہم کرتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ گجر بکروال طبقے کو حصول تعلیم کی جانب توجہ دینی چاہئے۔وزیرموصوف نے کہاکہ حکومت مسلسل طور گجر بکروال طبقے کی بہبود پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور ریاست میں خانہ بدوش راشن پالیسی ترتیب دی جارہی ہے۔انہوںنے کہاکہ گجر بکروال طبقے کو پی ایچ ایچ زمرے میں رکھا گیا ہے تاکہ انہیں انتہائی کم قیمتوں پر راشن فراہم کیا جاسکے۔کانفرنس کے حاشیہ پر بولتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے گیسٹ کنٹرول آرڈر کو ایک انقلابی نوعیت کا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاست کے غریب طبقے کو راحت ملے گی۔انہوںنے کہاکہ اس حکمنامے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔بعد میں وزیر موصوف نے ضلع انتظامیہ کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں این ایف ایس اے ،ایم ایم ایس ایف ای ایس اور پی ایم یو وائی کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران انہوںنے افسروں کو ضلع میں آدھار سیڈنگ کے عمل میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔انہوںنے اس سلسلے میں خانہ بدوشوں اور مائیگرنٹوں کو ترجیح دیتے ہوئے اُن کے لئے خصوصی کیمپ منعقد کرنے کے احکامات بھی دئیے۔کانفرنس میں ممبرا سمبلی ادھمپور پون کمار گپتا،ضلع ترقیاتی کمشنر نیرج کمار اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔