سرینگر// معاشرے کی ہمہ جہت ترقی کیلئے اساتذہ،طلباء اوروالدین کے درمیان تال میل ناگزیرہے۔ ان خیالا ت کااظہار وائس چیئرمین گوجربکروال مشاورتی بورڈ ظفرعلی کھٹانہ نے یہاں گوجربکروال بوائزہوسٹل سرینگرمیں منعقدہ یک روزہ پیرنٹس میٹ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ پسماندہ طبقوں میں سے ایک ہے اوراسی تناظرمیں ریاستی ومرکزی حکومت کے تحت مختلف فلاحی سکیمیں اس طبقہ کوپسماندگی کے دلدل سے نکالنے کیلئے شروع کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال ہوسٹلوں کے قیام کابنیادی مقصد گوجربکروال طبقہ کوخوشحالی کی راہ پرگامزن کرناہے ۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال ہوسٹلوں میں زیرتعلیم طلباء طبقہ کیلئے اثاثے کی حیثیت رکھتے ہیں جن کیلئے بہترسہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ریاستی حکومت گوجربکروال مشاورتی بورڈ کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔ظفرعلی کھٹانہ نے کہاکہ ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے گوجربکروال مشاورتی بورڈ کی طرف خصوصی توجہ مرکوزکی ہوئی ہے ۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے گوجربکروا ل طبقہ کے طلباء کیلئے دس نئے ہوسٹلوں کی تعمیر کی منظوری،طبقہ کے طلباء کیلئے کھیل سہولیات کیلئے 3کروڑروپے کے علاوہ زیرتعمیرہوسٹلوں کیلئے 50کروڑروپے مختص کئے ہیں جوکہ خوش آئندبات ہے۔انہوں نے محبوبہ مفتی کاہوسٹلوں کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے اوررقومات مختص کرنے کیلئے شکریہ بھی اداکیا۔ظفرعلی نے مزیدکہاکہ ہوسٹلوں میں زیرتعلیم طلباء کی بہترین تعلیم وتربیت اسی صورت میں ممکن ہے جب طلباء کے والدین ہوسٹل اورسکولوں میں آکر طلباء کی کارکردگی سے متعلق وقتاً فوقتاًاستفسارکرتے رہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ گوجربکروال ہوسٹلوں اورسکولوں میں ہرماہ دورہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ ریاست بھرکے گوجربکروال ہوسٹلوں سے تعلیم حاصل کرچکے طلباء مختلف اعلیٰ عہدوں پرفائزہیں اورگذشتہ دوبرسوں کے دوران بھی ہوسٹلوں کے طلباء وطالبات نے تعلیمی قابلیت کالوہامنواتے ہوئے گوجربکروال طبقہ کانام روشن کیاہے۔ ظفرعلی کھٹانہ نے کہاکہ ہوسٹلوں میں زیرتعلیم طلباء وطالبات پرذمہ دار ی عائدہوتی ہے کہ وہ اپنے وقت کامنصفانہ استعمال کرکے اپنا مستقبل سنوارنے کے ساتھ طبقہ کوخوشحال بنانے میں اپناکلیدی رول اداکریں۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال مشاورتی بورڈ کے سیکریٹری چوہدری مختاراحمدنے کہاکہ ریاستی گوجربکروال مشاورتی بورڈ ہوسٹلوں میں طلباء کی تعلیم وتربیت کیلئے بہترین انتظامات کرنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین اپنے بچوں کی نگرانی کریں گے توان کے بچے کامستقبل یقینی طورپرتابناک بنے گا۔انہوں نے کہاکہ والدین کو ہرماہ ہوسٹلوں میں آکروارڈن اوراساتذہ سے ان کی کارکردگی کے بارے میں پوچھناچاہیئے تاکہ اگرکوئی بچہ تعلیم میں کمزوربھی ہوتووالدین ،اساتذہ اورہوسٹل انتظامیہ مشترکہ مشاورت کے بعداس کی خامی کودورکرنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھاسکے ۔انہوں نے کہاکہ ایک بچے کومعاشرے میں اپناکرداراداکرنے کے قابل بناناایک گھرانے ہی نہیں بلکہ پورے گائوں کوخوشحال بنانے کے مترادف ہوتاہے۔ چوہدری مختاراحمد نے کہاکہ ہوسٹلوں میں انفراسٹریکچرکی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے طلباء کی تعلیمی صلاحیت میں بہتری لانے کیلئے والدین سے تعاون طلب کیا ۔انہوں نے بچوں سے تلقین کی کہ وہ موجودہ تیزرفتاراور مقابلہ جاتی دورمیںاپنے قدموں پرکھڑاہونے کیلئے خوب محنت اورلگن سے تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے کہاکہ چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے سال بچے کے مستقبل کی راہیں استوارکرتے ہیں اس لیے بچوں کواپنے ہرلمحہ کومنصفانہ طورپراستعمال کرناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کوآئی اے ایس ؍کے ا ے ایس جیسے مقابلہ جاتی امتحانات کیلئے ذہنی طورپرتیارکرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ہوسٹل انتظامیہ پرزوردیاکہ وہ طلباء کی تعلیمی صلاحیتوں میں بہترلانے کی طرف توجہ مرکوزکریں۔اس مووقعہ پرتقریب میں ہوسٹل وارڈن اوردیگرعملہ بھی موجودتھا۔