جموں//گوجربکروال یوتھ دیش باڈی نے کہاہے کہ خانہ بدوش گوجربکروال کنبوں کو پہاڑوں کی طرف مال مویشی کے ہمراہ منتقل ہونے میں بہت سی پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال یوتھ دیش باڈی کے صدر چوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ جموں سے وادی کشمیرکے بالائی علاقوں کی طرف منتقل ہونے والے خانہ بدوش گوجربکروالوں کومحکمہ پولیس، ٹریفک کی طرف سے پریشانیاں آرہی ہیں۔ اس کے علاوہ روزمرہ کے اشیائے خوردنی کی بھی قلت ہے۔کھٹانہ نے کہاکہ حکومت کی کسی بھی سکیم کافائدہ اٹھانے کیلئے آدھارکارڈ کاہونالازمی کیاگیاہے لیکن گوجربکروال خانہ بدوش کنبوں کے آدھارنہیں بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ سکیموں سے استفادہ اٹھانے سے قاصرہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ خانہ بدوش کنبوں کی پریشانیوں کودورکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ دوروزقبل قومی شاہراہ پر پسی آنے سے ایک کنبے کی 150 بھیڑیں ہلاک ہوگئیں جس سے متعلقہ کنبے کوبھاری نقصان اٹھاناپڑا۔انہوں نے حکومت سے متاثرہ کنبے کی امدادکابھی مطالبہ کیا۔ اس دوران پریس کانفرنس میں چوہدری اسلم پردیسی ، چوہدری شمس دین، چوہدری رفاقت اعجاز، چوہدری جماعت علی سندودی، چوہدری مشتاق لودھاودیگران بھی موجودتھے۔