جموں//گوجربکروال دیش یوتھ باڈی نے ضلع ترقیاتی کمشنرسانبہ اورکٹھوعہ پرخانہ بدوش گوجربکروالوں سے متعلق ڈویژنل کمشنر کی طرف سے جاری کردہ حکمنامہ کی دھجیاں اڑانے کاالزام عائد کیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ ڈویژنل کمشنر جموں کی طرف سے 27 مارچ 2017 کو خانہ بدوش گوجربکروالوں کی نقل مکانی سے متعلق مطابق حکمنامہ زیرآرڈرنمبر 402/192/G&B/532/-31کے تحت پرمٹ جاری کرنے کے سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنروں کوہدایت کی تھی کہ لیکن باوجوداس کے ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ اورکٹھوعہ اس پرعمل کرنے کے بجائے اس کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔ چوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ مذکورہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے خانہ بدوشوں کوموسمی نقل مکانی کےلئے پرمٹ جاری نہیں کیاجارہاہے جس کی وجہ سے خانہ بدوشوں کو پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔انہوں نے کہاکہ ایتھم اترابینی میں متعددخانہ بدوش گوجربکروالوں کی غنڈہ عناصرنے مارپیٹ کی لیکن ایسے عناصرکے خلاف انتظامیہ نے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی۔انہوں نے مانگ کی کہ غنڈہ عناصرکے خلاف معاملہ درج کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کٹھوعہ اورسانبہ کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کی طرف سے ڈویژنل کمشنرکے آرڈر کونظراندازکرنے کی وجہ سے مویشیوں کوایک جگہ سے دوسری جگہ لانے لیجانے میں مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسانبہ اورکٹھوعہ پر ڈویژنل کمشنرجموں کے حکمنامہ کے تحت خانہ بدوش گوجربکروال کو موسمی نقل مکانی کے سلسلے میں پرمٹ جاری کرنے کےلئے زوردیا۔اس دوران پریس کانفرنس میں چوہدری شمس الدین، چوہدری رفاقت اعجاز، چوہدری فرید، چوہدری جماعت علی ، چوہدری مشتاق ، چوہدری سراج الدین ودیگران بھی موجودتھے۔