جموں//گوجربکروال سٹوڈنٹس ویلفیئرایسوسی ایشن نے ریاسی میں نام نہاد گائورکشکوں کی طرف سے کئے گئے حملے اورتشددبرپاکرنے کے واقعہ کوایک منظم سازش قراردیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیاہے ۔یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال سٹوڈنٹس ویلفیئرایسوسی ایشن کی ترجمان نجمہ شمشیر نے ریاسی میں گوجربکروالوں پر حملے کوآرایس ایس کی منظم سازش قراردیتے ہوئے طبقہ کے لیڈران کی خاموشی اورریاسی میں متاثرہ کنبوں سے ملاقات نہ کرنے کیلئے تنقیدکانشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ غنڈہ عناصرنے مال مویشی لوٹنے کے علاوہ خواتین کی عزت لوٹنے کی بھی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف وزیراعظم ’بیٹی بچائو۔بیٹی پڑھائو‘ کانعرہ لگاتے ہیں اوردوسری طرف گوجربکروال خواتین کی عزت پر آرایس ایس کے غنڈے حملے کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے ہریہ چک ، سرورسانبہ وغیرہ میں بھی گوجربستیوں پرآرایس ایس کے کارکنوں نے حملہ کیاتھالیکن حکومت نے امن درہم برہم کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی ۔ انہوں نے گوجربکروال ممبران سے کہاکہ انہیں فوری طورپر عہدوں سے مستعفی ہوکر متاثرین کے ساتھ احتجاج درج کراناچاہیئے ۔نجمہ شمشیر نے ریاستی حکومت پرفرقہ پرست عناصرکی حوصلہ افزائی کرنے کابھی الزام لگایا۔نجمہ شمشیر نے کہاکہ عمرنام کادس سالہ بچہ ابھی تک لاپتہ ہے جس کوڈھونڈنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے اورپولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں بچانے میں مصروف ہے۔نجمہ شمشیر نے کہاکہ حکومت گوجربکروال طبقے کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جس کاثبوت ریاسی کاحالیہ واقعہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ خانہ بدوش لوگ ضلع ترقیاتی کمشنر کی طرف سے مورخہ 27 مارچ 2017 کو جاری کیے گئے آرڈر No. 402/192/G&B/5321-31 کے تحت موسمی نقل مکانی کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ گرفتارکیے گئے کچھ ملزمان کوپولیس نے چھوڑدیاہے جوکہ متاثرین کے ساتھ زیادتی ہے ۔نجمہ شمشیر نے ملزمان کی گرفتاری اوران کے پی ایس اے عائدکرنے ،لاپتہ لڑکے کوتلاش کرنے اورگوجربکروالوں کوتحفظ فراہم کرنے کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے ریاستی وزیراعلیٰ، ریاستی گورنراورڈائریکٹرجنرل پولیس سے معاملہ میں فوری مداخلت پرزوردیاہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارے اورامن کوبہرصورت برقراررکھیں ۔اس دوران پریس کانفرنس میں مہویش چوہدری، سمیا عزیز ، انیسہ چوہدری ، امینہ شمشیر ، غلام مصطفی ، اقبال گورسی، منظورچوہدری، امتیازاحمد ، مختارگورسی، محمدرفیع، نظارت چوہدری، اظہرگورسی ، جاوید احمد ، نثارچوہدری اورایڈوکیٹ مقبول مکی ودیگران بھی موجودتھے۔