کولکتہ، 22 [؟][؟]اکتوبر (یو این آئی) کرناٹک کے کرشپا گوتھم (35 رن پر پانچ وکٹ) کی شاندار بولنگ کے سامنے دہلی نے ہفتہ کو رنجی ٹرافی گروپ بی مقابلے کے تیسرے دن ہی گھٹنے ٹیک دیئے اور اسے اننگز اور 160 رنز سے شرمناک شکست کھانی پڑی۔ کرناٹک نے میچ کے دوسرے دن 414 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 324 رنز کی بڑی برتری حاصل کر لی تھی۔میچ کے تیسرے دن دہلی کی ٹیم دوسری اننگز میں 43 اوور میں 164 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور اس اننگز سے ہار کھانی پڑی۔کرناٹک نے بڑی جیت کی بدولت بونس سمیت سات پوائنٹس اپنے نام کر لیے ۔ کرناٹک کو میچ کے تیسرے دن ہی جیت دلانے میں گوتھم کا اہم کردار رہا جنہوں نے نو اوورز میں 35 رنز دے کر سب سے زیادہ پانچ وکٹ نکالے اور دہلی کو مسلسل وقفوں سے جھٹکے دیے ۔گوتھم نے اس میچ میں دہلی کی پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں پانچ وکٹ جو ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہترین کارکردگی بھی ہے ۔انہیں اس کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ ان کے علاوہ ابھیمنیو متھن نے 36 رن پر دہلی کے دو اور شریس گوپال نے 34 رن پر دو وکٹ لئے ۔سری ناتھ اروند کو 23 رن پر ایک وکٹ ملا۔یو این آئی۔