ڈوڈہ// ڈائریکٹریٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن جموں وکشمیر سے منسلک سافٹیک انسٹی چیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی(SIIT) نے گواڑی بھلیسہ میں اپنی برانچ قائم کر کے مفت کمپیوٹر کورس کا آغاز کیا ہے۔تحصیلدار گندو امن کمار نے برانچ اور مفت کمیوٹر کورس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر عمر ویلفیئر ٹرسٹ بھلیسہ کے چیئرمین اشتیاق ملک،صحافی فردوس کھانڈیاور برانچ انچارج عابد ندیم کے علاوہ متعدد دیگر معززین اور مفت کمپیوٹر کورس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء بھی موجود تھے۔اس موقع پر عابد ندیم نے کہا کہ ریاستی حکومت کے تسلیم شدہ سافٹیک انسٹی چیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی نے علاقہ کے طلباء و طالبات اور بے روزگار نوجوانوں کو کمپیوٹر ایجوکیشن فراہم کرنے کے لئے یہ برانچ قائم کی ہے تاکہ وہ اپنے گھر کے نزدیک کمپیوٹر مفت تعلیم حاصل کر سکیں۔اْنہوں نے کہا کہ اس برانچ میں طلباء و طالبات کو مختلف قسم کیمفت کورسز کروائے جائیں گے۔اْنہوں نے کہا کہ سافٹیک کی اس برانچ میں فی الحال 200 سے زائد طلباء و طالبات نے داخلہ حاصل کیا ہے جن کو چھ ماہ کا مفت کمپیوٹرتربیتی کورس کروایا جائے گا۔اْنہوں نے کہا کہ کچھ معذور طلباء و طالبات اور نوجوانوں نے بھی داخل حاصل کیا ہے جن کے لئے خصوصی کورس شروع کیا گیا ہے۔اس موقع پر تحصیلدار گندو نے تحصیل گندو میں برانچ قائم کرنے پر سافٹیک انسٹی چیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یہاں کے نوجوانوں کو کمپیوٹر ایجوکیشن حاصل کرنے کی سہولت فراہم ہو گی جس کے لئے اْنہیں دور دراز شہروں قصبوں میں جانا پڑتا تھا۔اْنہوں نے طلباء و طالبات اور بے روزگار نوجوانوں سے کہا کہ وہ اس برانچ کا خاطر خواہ فائدہ اْٹھائیں اور جو مفت کورسز یہاں کروائے جا رہے ہیں اْن میں داخلہ حاصل کر کے کمپیوٹر ایجوکیشن حاصل کریں کیوں کہ موجودہ دور کمپیوٹر کا دور کہلاتا ہے اور آنے والے وقت میں کمپیوٹر ایجوکیشن سے بہرہ ور نوجوان ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔