نئی دلی/ صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز ( ایم ایس ایم ای) کے مرکزی وزیر مملکت گریراج سنگھ سے آ ج ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں مجوزہ ترقیاتی پروجیکٹوں پر سیر حاصل بحث کی۔میٹنگ کے دوران گنگا نے مرکزی وزیر کو ترقیاتی پروگرام کے بارے میں تفصیلات پیش کیں اور ریاست میں موجودہ سرکار کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔گنگا نے اس موقعہ پر جموں وکشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے 1192.39 لاکھ رروپے کی لاگت والے 6تجاویز مرکزی وزیر کو فنڈ فار ریجنریشن آف ٹریڈیشنل انڈسٹریز سکیم کے تحت منظور ی کے لئے پیش کئے۔گنگا نے مرکزی وزیر پر زور دیا کہ وہ ایم ایس ای ۔ سی ڈی پی سکیم کے تحت 1026.92 لاکھ روپے دوسرے اور آخری مرکزی حصہ کے طور پر ریاستی سرکار کو فراہم کرے۔انہوںنے 125.36کروڑ روپے کی لاگت کے جموں و کشمیر کے لئے بی کیپنگ پروجیکٹ کو منظور کرنے کی بھی درخواست کی۔مرکزی وزیر مملکت نے ریاستی وزیر کو یقین دلایا کہ مرکزی سرکار ایم ایس ایم ای سے متعلق تمام معاملات پر غور کرے گی۔