سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ریاستی کابینہ وزیر چندر پرکاش گنگا کے اشتعال انگیز ریمارکس صرف اُن کا ذاتی اظہارِ خیال نہیں بلکہ یہ ریمارکس ایسے بغض اور تعصب کی طرف اشارہ کرتے ہیں ، جسے نہ صرف سیاسی سرپرستی حاصل ہے بلکہ پی ڈی پی بھاجپا سرکار کی پشت پناہی میں اسے ایک منظم طریقہ کار کے تحت عملایا جارہا ہے۔ڈاکٹر فاروق نے پی ڈی پی کی طرف سے اس بیان پر شور و غل مچانے کو ایک بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کیساتھ غیر مشروط اور معذرت خواہانہ اتحاد ایسے ریمارکس کی تائید کرتا ہے ۔ ایسے حربوں سے محبوبہ مفتی کی ناکامی اور بھاجپا کے سامنے قلم دوات جماعت کے مکمل سرینڈر پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا ہے کہ پی ڈی پی حکومت کی نوجوان مخالف پالیسیوں اور اقدامات سے ریاست کو بے چینی، افراتفری اور بحرانوں کے بھنور میں دھکیل رہی ہے۔صدرِ نیشنل کانفرنس نے ملک کی فرقہ پرست جماعتوں کے غنڈوں کی طرف سے مختلف ریاستوں خصوصاً راجستھان کی میور یونیورسٹی میں کشمیریوں طالب علموں کا زد و کوب کرنے اور میرٹھ یو پی سے کشمیریوں کو جانے کی دھمکی آمیز اشتہاری ہوڈنگ نصب کرنے کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔