ڈوڈہ //گنپت پل کے افتتاح اورمیڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کی الٹی گنتی ختم ہو چکی ہے ، اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ،پی ڈی پی ڈوڈہ اور بی جے پی ڈوڈہ گذشتہ دو ہفتوں سے تیاریوں میں مصروف ہے اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایم ایل اے ڈوڈہ نے گذشتہ روز گھٹ کا دورہ کیا تھاجب کہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندرکمار تمام تیاریوں کی از خودکی نگرانی کر رہے ہیں۔دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ کانگریس ممبرانِ قانون سازیہ نے تقریب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے سوتیلے رویہ کی وجہ سے خطہ کے لوگوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ اس حکومت نے ابھی تک اس خطہ میں کوئی نا قابلِ ذکر کام نہیں کیا ہے اور ابھی تک وہ صرف سابق مرکزی و ریاستی حکومتوں کے منظور کردہ پروجیکٹوں کا رسمِ افتتاح اور سنگِ بنیاد کی تقاریب کا انعقاد کرنے اور ربن کاٹنے میں ہی مصروف ہے ۔اُنہوں نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور پی ڈی پی اور بی جے پی موجودہ ریاستی مخلوط حکومت مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہیں اور خالی بیان بازیوں کے سوا ابھی تک اُنہوں نے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ انہوںنے کہا ہے کہ لوگوں کو اچھے دنوں کے جو خواب دکھائے جاتے تھے وہ سب غلط ثابت ہوئے اور سب کا ساتھ سب کا وکاس جیسے دل لبھانے والے نعرے خالی نعرے ہی ثابت ہوئے ہیں۔ان دونوں حکومتوں کی غلط پالیسیوں نے ریاست میں ایسے حالات پیدا کئے ہیں جن سے نکلنے کی کوئی راہ نظر نہیں آ رہی ہے۔ کانگریس کے دیگر لیڈاران جن میں سابق ریاستی وزراء محمد شریف نیازؔ وعبدالمجید وانی اور سابق ایم ایل اے اشوک کمار خاص طور سے قابلِ ذکر ہیں،نے بھی کالج کا تعمیری کام شروع کرنے میں کی گئی بے جا تاخیر پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ مخلوط حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کانگریس ممبرانِ قانون سازیہ کے سنگ بنیاد کی تقریب کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے کو درست فیصلہ قرار دیا ہے۔