ڈوڈہ//پولیس اور عوام کے درمیان پائی جانے والی دوریوں کو ختم کرنے اورآپسی اعتماد سازی کی خاطر ڈی آئی جی ڈوڈہ،کشتواڑ رام بن رینج بسنت رتھ کی ہدایت و سرپرستی اور ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی نگرانی میں اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ اور ایس ڈی پی او گندو سنی گپتا نے بھلیسہ تعلیمی زون میںامتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے غریب اور ضرورت مند 150طلباء و طالبات میں مفت کتابیں اور اسٹیشنری تقسیم کی اور ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کر کے لوگوں کو درپیش مسائل بارے جانکاری حاصل کی۔اس موقع پر میزبان اسکول کے ہیڈماسٹر جے بھاسکر،ہری سرن،دی کرشن سپولیا،جسونت سنگھ،سچیت رام،گنیش کمار،ذاکر حسین،محمد شریف شیخ اورالطاف حسین راتھر کے علاقہ علاقہ کے متعدد دیگر معززین اور عام لوگوں کی اچھی خاصی تعداد بھی موجود تھی۔ ا س موقع پر مقامی لوگوں نے پولیس،سول انتظامیہ اور حکومت سے متعلق مختلف مسائل اجاگر کئے جن کو دونوں پولیس آفیسران نے بغور سُنا اور یقین دلایا کہ پولیس سے متعلقہ اُن کے مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے گا جب کہ اُن کے دیگر مسائل کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی کوشش کی جائے گی۔انچارج پولیس پوسٹ چنگا سب انسپکٹر رام رتن کو موقع پر ہی کچھ ہدایات بھی دی گئیں۔مقامی لوگوں نے ڈی آئی جی بسنت رتھ اور ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے محنتی،غریب اور ضرورت مند طلباء و طالبات کو مفت کتابیں اور اسٹیشنری فراہم کی اور وام کے مسائل کے ازالہ کی خاطر پولیس کی طرف سے اُٹھائے جانے والے اقدامات کی سراہنا کی۔اس موقع پر اے ایس پی بھدرواہ نے عوام خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سماجی برائیوں کا راستہ اپنانے کی بجائے سماجی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ جرائم سے پاک ماحول قائم کیا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے ضروری ہے کہ پولیس اور عوام میں قریبی رابطہ ہو اور لوگ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔ جب تک شہری سماج دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس کے ساتھ تعاون نہ کریں تب تک پولیس کچھ بھی نہیں کر سکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی معاشرہ میں امن قائم ہو سکتا ہے اورشہریوں کو چاہیے کہ وہ امن و امان کی بحالی کے سلسلہ میںپولیس سے تعاون کریں تاکہ سماج میں پھیل رہی برائیوں پر روک لگائی جا سکے اور معاشرے کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف فراہم کرنا پولیس کا فرضِ اولین ہے،مگر یہ اُسی صورت میں ممکن ہے جب اُسے عوام کو بھر پورتعاون حاصل ہو۔اُنہوں نے عوام اور پولیس کے درمیان پائی جانے والی دوریوں کو ختم کرنے اور پولیس پبلک تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ما تحت آفیسران کو بھی ہدایت کی وہ عوام کے ساتھ نزدیکی رابطہ بنائے رکھیں اور عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ کریں تاکہ اُنھیں عوامی اعتماد حاصل ہو سکے۔