گندو//تحصیل چلی پنگل کی تلوگڑہ پنچائت میں آگ کی ایک واردات میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہو چکا ہے اور ایک جوان لڑکی بری طرح سے جھلس گئی ہے جسے کشتواڑ منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق منگل کے روز تلوگڑہ پنچائت کے کتالہ گائوں میں دین محمد ولدِ نور جمال گوجر کے دو منزلہ مکان سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور اُس میں موجود تمام سامان بھی جل کر خاک ہو گیا۔ اس دوران مریم بانو نامی ایک بیس سالہ لڑکی بری طرح جھلس گئی جسے فوری طور گندو منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اُسے کشتوار منتقل کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ آگ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔آگ کے شعلے بلند ہوتے ہی مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش کی مگر آگ اتنی شدید تھی کہ اُس پر قابو نہیں پایا جا سکا۔بعد میںانتظامیہ کے نمائندے اور پولیس کی ایک جائے واقع پر پہنچی اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔