اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے سب ڈویژن گندوہ کے بھنگرو گاؤں میں واقع کالگونی دریا پر لکڑی کا عارضی پل ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی باالخصوص اسکولی بچوں کو دریا آرپار کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق آج تک کئی افراد اس جگہ پر اپنی جانیں گنوا چکے ہیںلیکن اس کے باوجود بھی انتظامیہ ومتعلقہ محکمہ کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاگیا ۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے کئی برس سے انہوں نے وقتی حکمرانوں و انتظامیہ سے پل تعمیر کرنے کی فریاد کی لیکن ابھی تک اس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں انہیں اپنی جانوں کو خطرہ میں ڈال کر دریا عبور کرنا پڑتا ہے۔ عبدالغفور نامی ایک شخص نے بتایا کہ والدین اپنے بچوں کو اسکول پہنچانے میں کئی کلومیٹر پیدل سفر کرکے اس عارضی پل کو آر پار کرواتے ہیں اور اب تک کئی بچوں کو دریا میں گرنے سے بچا لیا ہے۔ نورالدین نامی ایک اور شخص کے مطابق موسم گرما میں کالگونی دریا میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہوتا ہے اور آس پاس کی آبادی کو مال مویشی و دیگر ضروری سامان لے جانے میں بھی پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کئی عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں اور پھر پانی کی سطح میں کمی آنے کے بعد مقامی لوگ اپنے خرچے پر دوبارہ سے لکڑی کا عارضی پل تیار کرکے آمدورفت کے قابل بناتے ہیں۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے کالگونی دریا پر بھنگرو کے مقام پر مستقل پل تعمیر کرنے کی مانگ کی ہے۔