سرینگر// ڈیزاسٹر منیجمنٹ ،ریلیف اورباغبانی کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے کل شہرہ آفاق باغ گُل لالہ کا دورہ کیا اورآنے والے ٹولپ فیسٹول کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر فلوریکلچر ماتھورامعصوم نے وزیر موصوف کو بتایا کہ محکمہ نے اس سال 12.25لاکھ ٹولپ گٹھلیاں لگائے ہیںجو کہ 200کنال اراضی پر محیط ہے۔وزیر کو بتایا گیا ہے کہ باغ گُل لالہ کو وسعت دینے کا کام جاری ہے اوراس مقصد کے لئے باغ میں مختلف اقسام کے پھولوں کے پودے لگائے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ٹولپ باغ کومزید جاذب نظر بنانے کے اقدامات جاری ہیں ۔انہوںنے کہا کہ میلے کا آغاز 25مارچ2018ء کو ہورہا ہے جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے اوریہاں دستکاری اور دیگر روایتی فن کاری کے سلسلے میں مختلف سٹال قائم کئے جارہے ہیں۔جب کہ غیر ملکی سیاحوں کے لئے محکمہ نے باغ میں وائی فائی کی مفت سہولیات دستیاب رکھی ہے۔وزیر کے ہمراہ ڈائریکٹر فلوریکلچر کشمیر،ماتھورا معصوم،ڈپٹی ڈائریکٹر فلوریکلچر نذیر احمد ،فلوریکلچر آفیسر شیخ شبیر اوردیگر آفیسران بھی تھے۔