عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ فلوری کلچر، گارڈنز اینڈ پارکس جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ نہرو میموریل بوٹینیکل گارڈن (این ایم بی جی) سرینگر میں حال ہی میں قائم اور افتتاح شدہ گل دائود باغ مکمل طور پر اسی محکمہ کی منصوبہ بندی، ترقی اور عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔محکمہ نے کہا کہ کچھ رپورٹوں اور سوشل میڈیا پوسٹوں جن میں کسی اور ایجنسی کے ساتھ مل کر کرسینتھیمم گارڈن بنانے کا ذکر ہے، حقیقتاً غلط اور گمراہ کن ہیں اور اس کی ترقی کیلئے کسی بھی ایجنسی کے ساتھ کوئی ادارہ جاتی تعاون، ایم او یو یا مشترکہ عمل درآمد نہیں کیا گیا۔محکمہ کے افسران، اس کی اپنی تکنیکی ٹیم اور فیلڈ سٹاف نے اس کے باقاعدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پوری منصوبہ بندی، ڈیزائن، پودا لگانے اور زمین کی تزئین کا کام انجام دیا ہے۔ محکمہ نے خطے کے فلوری کلچر سیکٹر کی ترقی میں دیگر اداروں یا ایجنسیوں کی شراکت کی سراہنا کی۔ محکمہ نے زور دیا کہ کرسینتھیمم گارڈن کی اصل ایگزیکٹیو ایجنسی محکمہ فلوری کلچر ، گارڈنز اینڈ پارکس کو اس کے ویژن اور کوششوں کے لئے مناسب کریڈٹ دیا جائے جس نے ٹولپ گارڈن کے بعد کشمیر کے فلوری لینڈ سکیپ میں ایک اور شاندار اضافہ پیش کیا۔این ایم بی جی میں میں کرسینتھیمم گارڈن صرف محکمہ فلوری کلچر، گارڈنز اینڈ پارکس جے اینڈ کے کی ایک قابل فخر اقدام کے طور پر قائم ہے اور اس کا مقصد عوامی مقامات کو بہتر بنانا اور موسم خزاں کے دوران جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔محکمہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی خصوصی اقدامات کے تحت مزید منفردپھولوں کے پُر کشش مقامات کی ترقی جاری رکھے گا۔