اٹاوہ// ہولی ایک ایسا تہوار ہے، جس دن لوگ پرانے گلے شکوے بھول کر ایک دوسرے کوگلے لگالیتے ہیں۔ اس دن ساری کڑواہٹیں ختم ہوتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ ملائم کے اہل خانہ میں دیکھنے کو ملا ہے۔ دراصل ہولی کے موقع پر اٹاوہ کے سیفئی میں جمعہ کو سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کا خاندان ایک پلیٹ فارم پر دکھائی دیئے۔اس دوران اکھلیش نے چاچا شیوپال کے پاؤں چھوکر ان سے آشیر واد لیا۔یہ معلوم رہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات سے پہلے ہی چاچا بھتیجے میں ان بن چل رہی تھی۔ شیوپال نے کئی بار دوسری پارٹی لانچ کرنے یا کسی دوسری پارٹی میں شامل ہونے کی کوشش بھی کی ہے۔ خاندان میں چچا بھتیجے کے درمیان چل رہے اختلافات کے بعد یہ سیفئی والوں کے لئے پہلا موقع تھا جب اکھلیش یادو اور شیو پال ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم پر نظر آئے۔ شیو پال سنگھ کے اسٹیج پر پہنچتے ہی اکھلیش یادو نے کرسی پر کھڑے ہوکر چاچا شیو پال کا خیر مقدم کیا ااور ان کے پاؤں چھوکرعزت افزائی کی۔ تاہم اس درمیان منچ پر دونوں میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ یوپی میں انتخابات کے بعد ہورہی پہلی ہولی میں پورے خاندان سیفئی میں موجود ہیں۔ اس دوران یادو خاندان نے سیفئی والوں کے ساتھ پھولوں کی ہولی کھیلی۔ اس پروگرام کے دوران اکھلیش اور شیوپال زندہ آباد کے نعرے بھی لگائے۔ اتنا ہی نہیں اسٹیج پر لگے پوسٹرس کو ہٹوا دیا گیا کیونکہ اس میں اکھلیش اور ملائم کی تصویر توتھی لیکن شیو پال کی نہیں۔واضح رہے کہ ہولی منانے پہنچے ملائم سنگھ یادو کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جس کی وجہ سے انہیں واپس لکھنؤ جانا پڑا۔