سرینگر// نواب باغ لال بازارمیں سڑکوں اور گلی کوچوں میںکچرے کے ڈھیرجمع ہونے کی وجہ سے عفویت پھیلنے کے ساتھ ساتھ آوارہ کتوںنے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔مقامی باشندگان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ 14دنوں سے علاقہ میں سرینگرمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے کوڑا کرکٹ نہیں ہٹایا جارہا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں اور گلی کوچے کچرے سے بھرے پڑے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گلی کوچوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع ہونے سے بدبو چاروں طرف سے پھیل گئی ہے اور وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔لوگوں کے مطابق کچرے کے ڈھیروں پر آوارہ کتوں کے جھنڈ نظر آتے ہیں جو راہگیروں پر حملہ آور ہوتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ جمع کرنے والی گاڑی گذشتہ2ہفتوں سے نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے گلی کوچوں میں غلاظت اور گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جنہیں ہٹانے کے سلسلے میں کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے اور مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کوڑا کرکٹ ہٹانے پر مامور عملہ اور گاڑی کو علاقہ میں بھیج دیا جائے ۔