پونچھ// منڈی کے بلاک ساتھرہ کے دور دراز گاؤں گلی ناگ کی عوام نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے افسران غفلت کی نیندسورہے ہیں اور انہیں پینے کے پانی کی شدید قلت کاسامناہے ۔انہوںنے محکمہ پر غفلت برتنے کا الزام لگا تے ہوئے کہا کہ گاؤں میں پچھلے کئی روز سے لوگ پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، اس سلسلہ میں کئی بار متعلقہ افسران سے اپیل بھی کی گئی لیکن انہوںنے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا۔ مقامی شہریوںمحمد رشید، محمد رفیق، محمد سفیر،لعل حسین، محمد شریف اور محمد یعقوب نے کہا کہ محکمہ کا ایک ملازم جو ان کے گائوں میں پانی سپلائی کرنے کے لئے تعینات ہے، وہ پچھلے ماہ اپنی سروس مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہوا تھا لیکن اس کی جگہ کوئی دوسرا ملازم تعینات نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کچھ دن ایک مقامی شخص نے اس کی جگہ کام کیا تاہم محکمہ کی جانب سے کوئی معقول انتظام نہیں کیاگیا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر انکو پانی جلد از جلد فراہم نہ کیا گیا تو وہ سڑکوں پر اتر کر سخت احتجاجی مظاہرے کریں گے۔