راجوری//الہدی ٰایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین امیر محمد شمسی نے پاکستان پر زور دیاہے کہ وہ گلگت بلتستان کو اپنا پانچواں صوبہ بنانے سے پرہیز کرے کیونکہ یہ علاقہ تاریخی طور پر جموں وکشمیر کا ایک حصہ ہے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اس خطے کو پانچواں صوبہ بنائے جانے سے مسئلہ کشمیر پر اثر پڑے گا اور یہ مسئلہ مزید پیچیدہ بن جائے گا۔ان کاکہناہے کہ پاکستان کا یہ قدم غیر آئینی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’گلگت بلتستان شمالی علاقہ جات کو اپنا پانچوا ں صوبہ قرار دینے کا تاریخی طور پر یہ جموں کشمیر کا حصہ ہے، پاکستان اگر ایسا کریگا تو اس سے ہندوستان کو مزید حوصلہ ملے گا اور کشمیرکا مسئلہ زیادہ پیچیدہ ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ وہ پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے کشمیر کی ہیئت تبدیل ہو اور اس کی سالمیت کو نقصان پہنچے ۔انہوںنے کہاکہ وہ پاکستان کو اپنا محسن اور رہنما سمجھتے ہیں ،اگر وہی اس قسم کا قدم اٹھائے گا تو یہ ایک المیہ ہوگا جس کا نقصان پوری ریاست جموں کشمیر کو ہوگا ۔شمسی نے کہاکہ حکومت پاکستان ایسا کوئی قدم نہ اٹھائے جس سے ریاست کی عوام کے دلوں میں کسی قسم کی کدورت پیداہوجائے ۔