لندن//لبریشن فرنٹ برطانیہ نے گلگت بلتستان کو حکومت پاکستان کی طرف سے صوبہ بنانے کے خلاف 17 اپریل 2017 کو برطانیہ کے شہر لیوٹن میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیاہے جس میںتمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی سیاسی پارٹی اور کشمیر پر کام کرنے والے گروپ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے مندوبین کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ لبریشن فرنٹ برطانیہ کے ترجمان شکیل مرزا نے بیان میں کہاکہ لبریشن فرنٹ برطانیہ کے صدر صابر گل اور سیکریٹری جنرل سید تحسین گیلانی دیگر تنظیموں کے ساتھ کانفرنس کے سلسلے میں رابطہ کر رہے ہیں اور امید ہے کہ اس کانفرنس میں برطانوی کشمیری تقسیم کشمیر کے خلاف ایک مشترکہ حکمت عملی بنانے میں کامیاب ہونگے۔ کشمیری نظریاتی اختلاف ہونے کہ باوجود تقسیم کشمیر کے خلاف یکجا نظر آتے ہیں۔ تاہم برطانوی کشمیریوں کی یہ کانفرنس اس یکجہتی کی طرف سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ریاست جموںو کشمیر کا تاریخی آئینی اور جغرافیائی حصہ ہے،لبریشن فرنٹ تقسیم کشمیر کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔لبریشن فرنٹ نے تقسیم کشمیر کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے بھارتی زیر انتظام کشمیر اور پاکستانی زیر انتظام آزاد کشمیر ،مشرقی وسطی یورپ برطانیہ امریکہ اور کینڈا میں اپنی سیاسی اور سفارتی جدوجہد کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔